(سٹی 42) کورونا وائرس سےپاکستان میں ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے، کورونا وائرس اب تک پاکستان میں 40 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے، پاکستان میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں میں سب سے زیادہ 14 ہلاکتیں سندھ میں ہوئی ہیں جبکہ خیبرپختونخوا اورپنجاب میں 11،11، گلگت میں 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 184 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے پنجاب میں 92، سندھ میں 42، خیبرپختونخوا میں 32 جبکہ اسلام آباد، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں 6، 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پنجاب اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے ، اس کے بعد سندھ ہے جہاں آج کے نئے کیسز کے بعد تعداد 830 تک جا پہنچی ہے،جس کے بعد ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 2583 ہوگئی۔
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق لاہور میں کورونا مریضوں کی کل تعداد 210ہوگئی، جبکہ 5 افراد کی اموات ہوئیں، صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے1069کنفرم کیس ہیں، کیمپ جیل میں بھی 3 قیدیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، میو ہسپتال میں 129 اور 24 تصدیق شدہ مریض پی کے ایل آئی میں داخل ہیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے ہدایت کی ہے کہ گزشتہ 14 روز میں متاثرہ ممالک سے آنے یا کنفرم مریضوں سے ملنے والے افراد گھر میں آئسولیشن اختیار کریں، آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہونے کی صورت میں 1033 پر رابطہ کریں تاکہ محکمہ صحت کی ریپڈ رسپانس ٹیمیں مشتبہ مریض کو ہسپتال منتقل کر کے ٹیسٹ کروائیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا ہےکہ پنجاب میں اب تک 17069 افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ کئے گئے ،جن میں سے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ لیبارٹریز نے 4039، نشتر ہسپتال ملتان نے 500، شیخ زید ہسپتال نے 2238، این آئی ایچ اسلام آباد نے 2980، جبکہ نجی لیبارٹریز نے 7312 ٹیسٹ کیے، محکمہ داخلہ نے صوبے میں کورونا کے 4 ہزار986 مشتبہ مریضوں کی تصدیق کردی۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے ، لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 12 واں روز ہے، تجارتی مراکز، شاپنگ مالز، بازار ، دکانیں بند اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں۔لاہور کے 150 مقامات پر ناکے لگائے گئے ہیں جہاں گاڑی، موٹرسائیکل مالکان اور رکشہ ڈرائیوروں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے اور بلاضرورت گھر سے نکلنے والوں کو وارننگ دے کر گھر واپس بھیجا جارہا ہے، پنجاب حکومت نےآج دیہاڑی دارمزدوروں کی مشکلات کے پیش نظر بڑی صنعتوں کے یونٹس کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہےکہ یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے کورونا وائرس سے بچا جا سکتا ہے، صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزاریں ، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں، گرم پانی پئیں، ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریز کریں۔