وزیر اعلیٰ پنجاب کا سندر روڈ رائے ونڈ میں بنائے گئے شہر خموشاں کا دورہ

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سندر روڈ رائے ونڈ میں بنائے گئے شہر خموشاں کا دورہ کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہر خموشاں میں تجہیز و تدفین کیلئے فراہم کی جانے والی سہولتو ں کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے  شہر خموشاں کے مختلف شعبوں انتظار گاہ وضوخانہ اور ایمبولینس کا معائنہ کیا۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ شہر خموشاں میں تجہیز و تدفین کیلئے منظم انداز میں سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔  سندر روڈ رائے ونڈ کی طرز پر دیگر شہروں میں بھی شہر خموشاں بنائے جائیں گے۔ جدید قبرستانوں کا قیام آبادی بڑھنے کے ساتھ وقت کا تقاضا ہے۔ شہر خموشاں میں جدید قبرستان کے حوالے سے تمام تقاضے پورے کئے گئے ہیں۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے وزیراعلیٰ کو شہر خموشاں کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندر روڈ، رائے ونڈ پر 127کنال اراضی پر ماڈل قبرستان بنایا گیا ہے۔ ماڈل قبرستان میں چاردیواری، جناز ہ گاہ اور وضو خانے کے ساتھ ایمبولینس بھی مہیا کی گئی ہے۔ ماڈل قبرستان  میں 12ہزار سے زائد قبروں کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ ماڈل قبرستانوں میں تجہیز و تدفین کی فیس 10ہزار سے کم کرکے 3500کر دی گئی ہے ۔ شہری ماڈل قبرستان میں ایمبولینس سروس حاصل کرنے کے لیے 1190 پر را بطہ کر سکتے ہیں۔  ڈی جی خان،فیصل آباد ،شیخوپورہ، رحیم یار خان اور ساہیوال میں بھی ماڈل قبرستان تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ 

واضح رہے کہ صوبائی وزیر اطلاعات و لوکل گورنمنٹ عامر میر، چیف سیکرٹری، سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات۔ سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر، ڈی جی شہر خموشاں اتھارٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔