ویب ڈیسک : وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مشتاق احمد خان سمیت تمام پاکستانیوں کی باحفاظت رہائی کے لیے ایک تیسرے یورپی ملک سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا میں ہمارے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی سوار تھے۔ انہوں نے کہا کہ فارن آفس کی اطلاع کے مطابق 45 فلوٹیلا میں سے 22 کو اسرائیل نے پکڑ لیا ہے، اطلاع ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی گرفتار ہونے والوں میں شامل ہیں، جب سے یہ خبر آئی ہے ہم نے یورپی ممالک کو انگیج کیا ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے یورپی ممالک سے کہا ہے کہ ہمارے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کو فوری طور پر ریلیز کروائیں، پاکستان اپنی پوری کوشش کر رہا ہے یہ ہماری ذمہ داری ہے، یہ ہمارا ذاتی مسئلہ نہیں بلکہ اسلامی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک حدیث ہے کہ مسلم امہ ایک جسم کی مانند ہے۔