ویب ڈیسک: کافی عرصے سے اینٹی کرائم ایجنسیوں کے ریڈار پر رہنے کے بعد آخرکار بھارتی بزنس ٹائیکون انیل امبانی کی جائیدادیں ضبط کر لی گئیں۔
بھارت کی مالیاتی جرائم سے نمٹنے والی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے انیل امبانی گروپ سے وابستہ اداروں کی 30 ارب بھارتی روپے (تقریباً 341 ملین ڈالر) مالیت کی 40 سے زائد جائیدادیں ضبط کر لی ہیں، یہ بات پیر کو سرکاری ذرائع نے مشہور خبر رساں ادارے کو بتائی۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی ہے۔ تاہم ایجنسی کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ مذکورہ جائیدادوں میں رہائشی و تجارتی عمارتیں، پلاٹ اور کمپنی کی سرمایہ کاری کے دیگر اثاثے شامل ہیں۔
