ویب ڈیسک: کراچی میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی کے پیشِ نظر کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کااعلان کردیا۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شدید گرمی کے دوران شہریوں کی سہولت کے لیے لوڈشیڈنگ کے حوالے سے خصوصی حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ ہیٹ ویو کے دوران سسٹم کی بہتری کے لیے کیے جانے والے تمام ’’مینٹیننس شٹ ڈاؤنز‘‘معطل کر دیئے جاتے ہیں تاکہ بجلی کی فراہمی میں کوئی تکنیکی تعطل پیدا نہ ہو۔
ترجمان نے واضح کیاہے کہ اس وقت کے الیکٹرک کا 70 فیصد نیٹ ورک پہلے ہی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اگر شہر کا درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ جائے تو دوپہر کے اوقات میں کی جانے والی’’اکنامک لوڈ شیڈنگ‘‘ فوری طور پر روک دی جاتی ہے تاکہ شہریوں کو شدید تپش میں بجلی کی بندش کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کے الیکٹرک نے ہیٹ ویو کے دوران شہریوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔