رائو دلشاد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں منصوبے کی پیشرفت اور آئندہ لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 20.5 کلومیٹر طویل فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت 21 اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے، جن میں سے 11.3 کلومیٹر روٹ اور 11 اسٹیشن ایلی ویٹڈ ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے منصوبے کے تعمیراتی عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو جلد از جلد جدید سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ماس ٹرانزٹ سسٹم میں معیاری اور کشادہ ایلی ویٹرز نصب کرنے کا بھی حکم دیا تاکہ مسافروں کو بہتر سہولت میسر آ سکے۔
مزید برآں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے کے تحت ہر اوپن مقام پر اربن فاریسٹ اور سبزہ لگایا جائے تاکہ ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ فیصل ٹاؤن اور ایئرپورٹ چوک میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈپو قائم کیے جائیں گے، جو آپریشنل سرگرمیوں کے لیے اہم ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منصوبے کو جدید تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جائے گا تاکہ فیصل آباد کے شہریوں کو معیاری اور محفوظ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔