ویب ڈیسک: حکومت نے پاکستان میں مقامی پلیٹ فارمز پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی آن لائن سٹریمنگ پر پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ فیصلہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں حملے کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی آن لائن سٹریمنگ پر پابندی کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مقبول ترین کرکٹ فرنچائز لاہور قلندرز کے فیس بک اور انسٹاگرام پیجز بھارت میں ناظرین کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ بھارت میں ناظرین کو ایک پیغام موصول ہو رہا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آپ کے پیجز بھارت میں دستیاب نہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے اس پابندی کی کوئی واضح وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔
اس سے قبل بھارت نے کئی معروف پاکستانی کرکٹرز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کیا تھا۔اس پابندی کی کوئی باضابطہ ہدایت نہیں کی گئی تاہم ایکس کے بھارتی صارفین نے رپورٹ کیا کہ وہ اب بابر اعظم، شاہین آفریدی اور حارث رؤف جیسے پاکستانی ستاروں کے پروفائلز تک رسائی حاصل نہیں کر پارہے ہیں۔