گلشن راوی، شہریوں کا واسا کیخلاف احتجاج

گلشن راوی، شہریوں کا واسا کیخلاف احتجاج
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( فاران یامین ) گلشن راوی یونین کونسل 77 کے مکینوں کا واسا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، کہتے ہیں پانچ ماہ قبل گندے نالے سے گزرنے والی پانی کی پائپ لائن پھٹی مگر واسا نے ابھی تک مرمت نہیں کی۔

تفصیلات کے مطابق مظاہرین نے واسا مردہ باد کے نعرے لگائے، مظاہرین نے بتایا کہ 5 ماہ قبل گندے نالے سے گزرنے والی صاف پانی کی پائپ لائن پھٹ گئی تھی۔ پائپ لائن پھٹنے سے صاف پانی کا ضیاع شروع ہوگیا جبکہ صاف پانی میں سیوریج کا پانی بھی ملنے گا۔

واسا کو شکایت کی تو پانچ ماہ بعد واسا اہلکاروں نے پائپ لائن پر ربڑ کی ٹیوب باندھ دی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ صاف پانی نہ ہونے سے اہل علاقہ مختلف بیماریوں کا بھی شکار ہورہے ہیں۔

دوسری جانب کچی آبادی اقبال پارک میں 18 گھنٹے سے بجلی کی بندش کیخلاف شہریوں کی بڑی تعداد علی شاہ، آصف خان، عرفان خان، محمد شاہد اور محمد سلیم سمیت دیگر نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے لیسکو کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ کل رات سے بادامی باغ ریلوے سٹیشن روڈ کے علاقے میں بجلی بند ہے، ٹرانسفارمر جل چکا، لیسکو اہلکاروں کو متعدد بار شکایات کیں مگر کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔ بجلی کی بندش سے گھروں میں پانی بھی نہیں ہے۔

مظاہرین نے بتایا کہ علاقے میں چھوٹے سائز کا ٹرانسفارمر نصب ہے جبکہ آبادی کا لوڈ زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے یہاں دو ٹرانسفارمرز ہوا کرتے تھے، اب صرف ایک ہے۔ لوڈ زیادہ ہونےکی وجہ سے ٹرانسفارمر باربار جل جاتا ہے، سحر و افطار کے وقت بھی بجلی نہیں تھی، کھانا تیار کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔