(ویب ڈیسک)بھارت کے دارالحکومت دہلی کے مالویہ نگر علاقہ واقع ایک ہوٹل اور اس کے ریسٹورنٹ میں بدھ کی صبح لگنے والی ہولناک آگ نے بڑے سانحے کی شکل اختیار کر لی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی اصل وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی ، لیکن ہوٹل کے ریسٹورنٹ میں کام کرنے والے باورچی نے الیکٹرک چولہا میں ہوئے دھماکہ کو اس حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے اعلان کیا کہ حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو فی کس 2-2 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دہلی کے مالویہ نگر علاقہ واقع ایک ہوٹل اور اس کے ریسٹورنٹ میں بدھ کی صبح لگنے والی ہولناک آگ کے افسوسناک حادثہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 21 ہو گئی ہے، جبکہ کم و بیش 40 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دہلی پولیس کے مطابق مرنیوالے میں بیشتر غیر ملکی شہری شامل ہیں، تاہم ان کی شناخت اور شہریت کی باضابطہ تصدیق کا عمل ابھی جاری ہے۔پولیس کے مطابق آگ لگنے کی اصل وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی ہے۔ بھارتی نیوز چینل نےہوٹل کے گراؤنڈ فلور پر چلائے جانیوالے ریسٹورنٹ کے باورچی کیسر نیگی سے بات کی، جو اس حادثے میں بال بال بچ گیا تھا، باورچی نے الیکٹرک چولہا میں ہوئے دھماکہ کو اس حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا ہے۔
آتشزدگی معاملے میں ایک حیران کن اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ہوٹل کو دہلی حکومت کی جانب سے ’بیڈ اینڈ بریک فاسٹ‘ کانسیپٹ کے تحت لائسنس جاری کیا گیا تھا۔ جس کے تحت صرف 6 کمرے چلانے کی اجازت تھی،حالانکہ ہوٹل میں 25 کمرے چلائے جا رہے تھے۔ اتنا ہی نہیں، کچھ کمرے بیسمنٹ میں بھی بنائے گئے تھے، جس سے سیکورٹی کے معیار کو لے کر سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں
رپورٹ کے مطابق ہوٹل کے باورچی کیسر نیگی نے بتایا کہ صبح تقریباً 8 بجے جب میں نے ریسٹورنٹ میں نصب الیکٹرک چولہا چلانے کی کوشش کی، تو اچانک ایک زوردار دھماکہ ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ تیزی سے پھیلنے لگی۔لیکن مجھے بعد میں احساس ہوا کہ آگ شاید پہلے ہی ہوٹل کے کسی حصے میں لگ چکی تھی۔انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی میں نے الیکٹرک چولہا جلانے کی کوشش کی، اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ میں نے فوراً اپنے معاون کو بتایا کہ ہوٹل میں آگ لگ گئی ہے۔ جب میں باہر نکلا تو دیکھا کہ پورا ہوٹل شعلوں کی زد میں ہے۔ میں کسی طرح اپنی جان بچا کر وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوا۔ افسران کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب اس اندوہناک حادثے پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر انہوں نے لکھا کہ ’’مالویہ نگر میں آتشزدگی کے واقعہ میں لوگوں کا جاں بحق ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔‘‘اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں وزیر اعظم مودی نے اعلان کیا کہ حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو فی کس 2-2 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ ساتھ ہی زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی امداد فراہم کی جائے گی۔