: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے موجودہ مرحلے سے بھرپور لطف اندوز ہو رہی ہیں اور انہیں اس بات کی کوئی فکر نہیں کہ مستقبل میں روایتی ہیروئن کے کردار ملنا کم ہو جائیں گے۔
دبئی میں منعقدہ ایک ادبی و ثقافتی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ کامیابی اور مداحوں کی محبت ہر فنکار کے لیے خوشی کا باعث ہوتی ہے، تاہم وہ اس حقیقت سے بھی آگاہ ہیں کہ شہرت اور مقبولیت ہمیشہ ایک جیسی نہیں رہتیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی توجہ ہمیشہ اپنے کام اور اداکاری پر رہی ہے، کیونکہ شہرت ایک عارضی چیز ہے جو وقت کے ساتھ بدل سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی عمر اور موجودہ زندگی سے مطمئن ہیں اور آنے والے وقت کو بھی مثبت انداز میں دیکھتی ہیں۔
ماہرہ خان نے کہا کہ وہ خود کو صرف روایتی ہیروئن کے کرداروں تک محدود نہیں دیکھنا چاہتیں بلکہ مختلف نوعیت کے کردار ادا کرکے اپنی صلاحیتوں کے نئے پہلو ناظرین کے سامنے لانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز پر زور دیا کہ انہیں منفرد اور چیلنجنگ کرداروں میں بھی کاسٹ کیا جائے۔
اداکارہ کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی مل رہی ہے، جہاں مداح ان کی خود اعتمادی، حقیقت پسندی اور فنی سوچ کی تعریف کر رہے ہیں۔