عابد چودھری:ٹریفک وارڈن کو کچلنے کی کوشش کے ہٹ اینڈ رن واقعے میں ملوث گاڑی کو سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ٹریس کرکے گلبرگ کے علاقے سے برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے اس گاڑی کو شناخت کیا گیا جو مبینہ طور پر ٹریفک وارڈن کو کچلنے کی کوشش میں استعمال ہوئی تھی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو گلبرگ سے تحویل میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد ڈرائیور احسن جمشید نے گرفتاری سے قبل عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی تھی۔
پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ تھانہ مزنگ میں درج کیا ہے جس میں اقدامِ قتل، سرکاری کام میں مداخلت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق گاڑی کراچی نمبر پلیٹ کی ہے اور ایک نجی بینک کے نام پر رجسٹرڈ بتائی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید تفتیش جاری ہے۔