ویب ڈیسک: شہر قائد ایک بار پھر زلزلے سے لرز اٹھا, دو روز میں کراچی میں زلزلے کا یہ گیارہواں جھٹکا ریکارڈ کیا گیا ہے جس نے شہریوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑا دی ہے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اتوار کی شب آنے والے تازہ زلزلے کی شدت 2.6 ریکارڈ کی گئی، جب کہ اس کی گہرائی 40 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز ملیر کے شمال مشرق میں تقریباً 5 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ دو دنوں میں کراچی میں 10 سے زائد مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جا چکے ہیں جو زمین کے نیچے غیرمعمولی حرکات کی نشاندہی کرتے ہیں۔ بار بار آنے والے جھٹکوں سے شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہم ہر تھوڑی دیر بعد جھٹکوں کو محسوس کرتے ہیں، بچے اور خواتین شدید خوفزدہ ہیں، کسی ممکنہ بڑے زلزلے کا خطرہ تو نہیں؟
دوسری جانب زلزلیاتی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ شہری گھبراہٹ سے گریز کریں مگر احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں۔