سٹی42: سعودی عرب کی بری افواج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود نے آج پاکستان کی مسلح افواج کے ہیڈکوارٹر جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ برادر ملک کی بری فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنتل فہد بن سعود کو جی ایچ کیو آمد پر شاندار گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
سعودی کمانڈر کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلۂ خیال ہوا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون کے فروغ پر دور رس گفتگو ہوئی۔

دونوں برادر ممالک کی افواج کے سربراہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کی مسلح افواج کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دونوں ملکوں کے مضبوط دفاعی اشتراک پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں عسکری رہنماؤں نے تربیت، استعداد کار میں اضافے اور انٹیلی جنس شیئرنگ میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔
سعودی بری افواج کے کمانڈر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی ازحد تعریف کی۔ لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود نےعلاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا ۔ انہوں نے اس امر پر اطمنان کا اظہار کیا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے دفاعی تعلقات نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہیں۔
دور رس نتائج کی حامل اس ملاقات میں دو برادر ممالک کے عسکری روابط مزید گہرے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔