(عبدالقیوم وزیر)بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا،پولیس سے مقابلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔شدید فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار شہید، 3زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع بنوں میں فتح خیل پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کو سکیورٹی فورسز نے کامیابی سے پسپا کر دیا، جس میں 3دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک پولیس افسر نے جام شہادت نوش کیا اور 3 زخمی ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشگردوں نے پولیس چوکی پر قبضہ کرنے کی کوشش میں جدید ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے پولیس چوکی پر حملہ کیا ،حملہ آوروں اور تعینات اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس نے مثالی جرات کا مظاہرہ کیا اور دہشت گردوں کی پوسٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل نیاز بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے اور 3 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے واقعہ کے بعد علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔