(قذافی بٹ) لاہور سمیت صوبے بھر میں آج سے لاک ڈاؤن ختم، حکومت زندگی کو معمول پر لانے کے لئے کوشاں،بند کاروبار کو کن ایس او پیز کے تحت چلانا ہے؟ مشاورت شروع کردی گئی۔
حکومت پنجاب نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں عیدالاضحٰی کے موقع پر کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے پیشِ نظر نافذ کردہ سخت لاک ڈاؤن 5 اگست کے بجائے 3 اگست کی رات 12 بجے ہی ختم کردیا، محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور 17 اگست تک نافذ العمل رہے گا۔
اب ریسٹورنٹس، تفریح گاہیں، سینما گھر اور تھیٹرز کو ایس او پیز کےتحت کھولنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں،جبکہ مارکیز اور شادی ہالز کومحرم کے بعد ایس او پیز کے تحت کھولا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کورونا کیسز کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کی قوی امید ہے کہ محرم الحرام کے بعد زندگی کو معمول پرلایا جائے گا،وزیراعلی پنجاب رواں ہفتے این سی او سی کی میٹنگ میں تجاویز پر منظوری لیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہےکہ عید الاضحیٰ پر پنجاب حکومت کی انسداد کورونا کی حکمت عملی کامیاب رہی، بروقت سمارٹ لاک ڈاؤن سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی،حکومت کے موثر اقدامات کے باعث کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے صرف 24 نئے کیسز سامنےآئے، جس کے بعد تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 93 ہزار197 ہوگئی، کورونا وائرس سے 4 مزید اموات کے بعد کل تعداد2 ہزار48 ہوچکی ہے ، کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 82 ہزار563 ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے 28 جولائی کو رات 12 بجے سے 5 اگست تک سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔