ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب کے تمام شہروں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ فری کرنے کا اعلان

پنجاب کے تمام شہروں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ فری کرنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 راو دلشاد :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی معاشی بحران کے تناظر میں پنجاب کے عوام کیلئے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے صوبے کے تمام شہروں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ فری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے مفت سفری سہولیات کی فراہمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق پنجاب بھر میں شہری سرکاری بسوں پر مفت سفر کر سکیں گے۔شہریوں کے لیے مفت ٹرانسپورٹ سہولت سے مستفید ہونے کے لیے آئی ڈی کارڈ لازم قرار دیا گیا ہے۔ 

نوٹیفکیشن کے مطابق طلبہ کو مفت سفری سہولت حاصل کرنے کے لیے اسٹوڈنٹ کارڈ دکھانا ہوگا۔

اعلان کے مطابق اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، سپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں سفر کے دوران شہریوں کو ٹکٹ نہیں خریدنا پڑے گا اور یہ سہولت عوام کو مفت فراہم کی جائے گی۔ 

وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام وزیراعظم شہباز شریف کے قومی بچت اور کفایت شعاری کے جامع پروگرام کے تحت کیا جا رہا ہے، جس پر پنجاب میں وسیع پیمانے پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زراعت، خوراک اور کسانوں کے تحفظ کیلئے بھی اہم فیصلوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کاشتکاروں کو فی ایکڑ فی لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ موٹر سائیکل سواروں کو بھی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل رکھنے والے شہری کو 20 لیٹر پٹرول پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی۔

وزیراعلی مریم نواز شریف کا عالمی بحران کے باوجود  ایک ماہ تک پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور نرخ برقرار رکھنے پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ میں اربوں روپے کا ریلیف دے کر وزیراعظم نے عوام کو مشکلات سے بچانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے نتیجے میں پوری دنیا شدید عالمی معاشی بحران کا شکار ہے اور پاکستان درآمدی تیل پر انحصار کی وجہ سے اس صورتحال سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے, مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گےاور  وعدہ ہے کہ حالات کی بہتری کے ساتھ ہی عوام کو معاشی بوجھ سے نجات دلائیں گے.

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ موجودہ حالات میں ذاتی سواری کے بجائے زیادہ سے زیادہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں تاکہ ایندھن کی بچت ممکن بنائی جا سکے۔