دورِ نایاب:لاہور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ٹی کیش کارڈز کے ذریعے رعایتی کرائے کی سہولت کا اعلان تو کر دیا، مگر شہری عملی طور پر اس سہولت سے محروم ہیں۔
شہر کے میٹرو بس اسٹیشنز پر نصب ٹیپ مشینیں ابھی تک فعال نہیں ہو سکیں، جس کے سبب شہریوں کو دوہری مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق، مشینیں ناکارہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف الیکٹرانک سکیورٹی فیچر ڈس ایبل ہو گیا بلکہ شہری ٹی کیش کارڈ کے باوجود زیادہ کرایہ ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ الیکٹرانک ادائیگی پر کرایہ 25 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ نقد ادائیگی کے لیے کرایہ 40 روپے وصول کیا جا رہا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ کروڑوں روپے مالیت کی ٹیپ مشینوں پر کپڑا اور شاپر ڈال دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے وہ استعمال کے قابل نہیں رہیں۔ شہریوں نے شدید نارضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف ان کے لیے غیر سہولت بخش ہے بلکہ کرایہ دینے کے سلسلے میں غیر منصفانہ صورتحال پیدا کر رہا ہے۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی حکام نے کہا ہے کہ ٹیپ مشینیں جلد از جلد فعال کی جائیں گی تاکہ شہری آسانی سے رعایتی کرائے سے فائدہ اٹھا سکیں۔