سٹی42: شیرا کوٹ لاہور میں چائے کے پیسے مانگنے پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا جس کے باعث ہوٹل پر سرعام فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ فائرنگ کی ویڈیو بھی منظرعام آ گئی ہے جس میں ہوٹل پر اندھا دھند گولیاں چلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ تین نامزد ملزمان عدنان، مہر بلال اور کالی سمیت آٹھ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے ہوٹل سے چائے منگوائی، چائے کے پیسے مانگنے پر تلخ کلامی ہوئی تاہم مقامی معززین نے معاملے کو صلح کے ذریعے ختم کر دیا۔
بعد ازاں دوبارہ چائے کے پیسے مانگنے پر ملزمان نے ہوٹل پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔