ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں قصور کے ایک پارک کو سیل کرنے کے خلاف درخواست پر قصور کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا.
جسٹس راحیل کامران شیخ نے شہری احمد نعیم کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کے حکم کے باوجود پارک کو سیل کر دیا گیا ہے۔ مؤقف میں مزید کہا گیا کہ پارک کو ڈی سیل نہ کرنے پر متعلقہ افسران کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔سماعت کے دوران قصور کے افسر اشتمال محمد ذوالفقار اور تحصیلدار میاں امجد نے جواب جمع کرایا، تاہم عدالت نے ان کا جواب مسترد کر دیا۔جسٹس راحیل کامران شیخ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے:“افسروں نے ہائیکورٹ سے رجوع کرنے پر درخواست گزار پر غصہ نکالا ہے۔ عدالتی حکم عدولی پر کیوں نہ توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے؟”عدالت نے اس رویے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قصور کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کو ذاتی حیثیت میں لاہور ہائیکورٹ طلب کر لیا۔