ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سستی بجلی، کوٹو پن بجلی منصوبے کی کامیاب تکمیل

سستی بجلی، کوٹو پن بجلی منصوبے کی کامیاب تکمیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں 40.8 میگاواٹ کے کوٹو پن بجلی منصوبے کو کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ منصوبے سے بجلی کی فروخت کے لیے پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔

محکمہ توانائی کے مطابق، کوٹو پن بجلی منصوبے سے سالانہ 207 گیگا واٹ آور سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا کی جائے گی، جس سے صوبائی حکومت کو ہر سال تقریباً 2 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے۔ منصوبے سے حاصل ہونے والی بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جائے گی، جو ملک میں بجلی کے بحران کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔

اس حوالے سے واپڈا ہاؤس پشاور میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاور ایکوزیشن کنٹریکٹ پر دستخط کیے گئے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے توانائی انجینئر طارق سدوزئی، چیئرمین پیسکو بورڈ حمایت اللہ خان، سیکرٹری توانائی زبیر خان، چیف ایگزیکٹو پیسکو اختر حمید، چیف انجینئر پیڈو عزیز باچا، اور ڈائریکٹر جنرل میراد عاطف جواد نے شرکت کی۔

معاون خصوصی طارق سدوزئی نے منصوبے کی تکمیل کو صوبے کی معیشت کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ اس منصوبے سے صوبے کو نہ صرف مالی فائدہ ہوگا بلکہ ماحول دوست بجلی کی پیداوار اور نیشنل گرڈ کو سپلائی کے ذریعے توانائی کے مسائل بھی کم ہوں گے۔