سعید احمد سعید: سستا ایندھن سی این جی بھی مہنگی، لاہور سمیت پنجاب بھر کے اسٹیشنوں پر سی این جی کی قیمت میں 8 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا۔
سستا ایندھن بھی مہنگا، لاہور سمیت پنجاب بھر میں سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔ درآمدی آر این جی پر چلنے والے اسٹیشنوں پر سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔ 8 روپے فی کلو اضافے سے سی این جی 124 روپے فی کلو ہو گئی۔
سی این جی اسٹیشن پر آئے خریداروں کا کہنا تھا کہ پیٹرول کے بعد سی این جی میں اضافہ سمجھ سے باکا تر ہے، سستا ایندھن پیٹرول کے برابر کردیا گیا، گاڑی چلانے مشکل بنا دیا گیا ہے۔ غریب عوام کے فیول کو سستا کیا جائے۔
آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ سیلز ٹیکس میں اضافہ، اسپاٹ مارکیٹ کی مہنگی خرید اور ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجہ سے ہوا ہے۔حکومت سے مطالبہ ہے کہ پٹرول اور ایل پی جی کی طرح، ایل این جی کی امپورٹ پر بھی فوری طور پر سیلز ٹیکس کم کرے۔
دوسری جانب ماہانہ رپورٹ کے مطابق ستمبر 2021 میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ستمبر 2020 کے مقابلے 26 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔ گزشتہ سال ستمبرمیں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت انیس لاکھ تیس ہزار میٹرک ٹن رہی جبکہ رواں سال پہلے سہہ ماہی میں فروخت اٹھاون لاکھ نوے ہزارمیٹرک ٹن رہی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیاہے کہ دو ہزار اٹھارہ کی آخری سہ ماہی کے مقابلے میں پیٹرولیم مصنوعات کی سب سے زیادہ فروخت ریکارڈ کی گئی۔ ستمبر 2020 کے مقابلے رواں سال ستمبر میں پیٹرول کی فروخت میں 23 فیصد اور ڈیزل کی فروخت میں 46 فیصد اضافہ ہوا۔
معاشی سرگرمیاں بڑھنے،کار اور موٹر سائیکلوں کی فروخت میں اضافے سے پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت بھی بڑھی ہے، ساتھ ہی ملک میں سی این جی کی قیمت میں اضافے سے پیٹرولیم مصنوعات کی طلب بھی بڑھی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر 2020 کے مقابلے ستمبر 2021 میں فرنس آئل کی فروخت 8 فیصد اضافے سے4 لاکھ میٹرک ٹن پر جا پہنچی ہے جبکہ ستمبر 2021 میں پی ایس او کی فروخت 39 فیصد اضافے سے 10 لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی ہے۔