سعید احمد سعید: ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری۔۔انٹر بینک میں ڈالر 75پیسے سستا ہوکر 170 روپے 54 پیسے کا ہو گیا۔ دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں کمی کے بعد اوپن مارکیٹ میں دیگر کرنسی بھی سستی ہوگئیں.
انٹر بینک میں ڈالر 75پیسے سستا ہوگیا، اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری قیمت کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 171 روپے سے نیچے آگیا۔ انٹر بینک ڈالر 171.29 سے کم ہوکر 170.54 روپے پر بند ہوا، معاشی ماہرین کے مطابق سعودی پیکچ کے بعد انٹر بینک میں ڈالر اب تک 4 روپے 73 پیسے سستا ہوچکا ہے۔
26 اکتوبر کو انٹربینک میں ڈالر 175.27 روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا تھا، انٹربینک میں ڈالر 175.27 روپے کی بلند سطح سے اب تک 4.73روپے سستا ہوچکا ہے۔ دوسری جانب انٹربینک کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر اور دیگر کرنسی بھی سستی ہوگئیں۔
اوپن مارکیٹ میں یورو ڈیڑھ روپے کم ہوکر 197 روپے، برطانوی پاونڈ اڑھائی روپے سستا ہوکر 234 روپے، امارتی درہم ایک روپے کم ہوکر 47 روپے 50 پیسے اور سعودی ریال 65 پیسے کم ہوکر 45 روپے کا ہوگیا ہے۔