ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

دنیا کے انتہائی جنوبی رہائشی علاقہ میں سونامی کا خطرہ

Chile earthquake, city42
کیپشن: چلی کا ساحلی علاقہ سارے ملک پر محیط ہے تاہم آج شام آئے زلزلہ کے بعد صرف ان علاقوں میں سونامی وارننگ جاری کی گئی ہے جو زلزلہ کے مرکز کے عین سامنے واقع ہیں۔ یہ چلی کے انتہائی جنوبی علاقے ہیں۔

سٹی42:  چلی  کے دارالحکومت سان تیاگو سے موصولہ اطلاعات کے مطابق   جمعہ کو چلی اور ارجنٹائن کے جنوبی ساحلوں پر 7.4 شدت کے زلزلہ کے بعد ابتدائی جائزے میں کسی جانی نقصان کے نشانات سامنے نہیں آئے تاہم چلی کے صدر نے بتایا کہ ساحلی علاقوں سے بڑے پیمانے پر لوگوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

ریاستہائے متحدہ کے جیولوجیکل سروے نے اس زلزلہ کی شدت ریختر سکیل پر   7.4  بتائی۔ اب تک  کسی نقصان یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

چلی کے حکام نے ملک کے انتہائی جنوب میں واقع آبنائے میگیلان کے پورے ساحلی حصے کے لیے انخلاء کا الرٹ جاری کیا ہے۔

چلی کی نیشنل سروس فار ڈیزاسٹر پریوینشن اینڈ ریسپانس نے عوام کو بھیجے گئے ایک پیغام میں کہا کہ "سونامی الرٹ کی وجہ سے، میگالینز کے ساحلی علاقوں کے لیے محفوظ زون میں انخلا کا حکم دیا جا رہا ہے۔"

ادارہ نے یہ بھی درخواست کی کہ چلی کے انٹارکٹک علاقے کے تمام ساحلی علاقوں کو خالی کر دیا جائے۔

چلی کے صدر گیبریل بورک نے سوشل پلیٹ فارم  X پر لکھا کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے "تمام وسائل دستیاب ہیں"۔

بورک نے لکھا، "ہم پورے میگالین کے علاقے میں ساحلی پٹی کو خالی کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ "ابھی ہمارا فرض ہے کہ ہم تیار رہیں اور حکام کی باتوں پر توجہ دیں۔"


ارجنٹائن کے شہر یوشوایا میں، جسے دنیا کا سب سے جنوبی  رہائشی علاقہ سمجھا جاتا ہے، مقامی حکام نے بیگل چینل میں پانی کی ہر قسم کی سرگرمیاں اور نیوی گیشن کم از کم تین گھنٹے کے لیے معطل کر دیا۔ کسی مادی نقصان یا انخلاء کی اطلاع نہیں ملی۔