سٹی42: لاہور کے علاقے کاہنہ میں پولیس نے شادی ہال میں نقب زنی کرنے والے 3 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان شادی ہال میں ویٹرز کی حیثیت سے کام کرتے تھے اور واردات کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کر کے فرار ہو گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان نے چند روز قبل ڈیفنس روڈ پر واقع ایک شادی ہال میں اسلحہ کے زور پر واردات کی۔واردات کے دوران ملزمان 5 اے سی چلر اور 2 ڈیفریزر لے اڑے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان شادی ہال میں ویٹرز کے طور پر کام کرتے تھے۔واردات کی اصل وجہ شادی ہال کے مالک کے ساتھ لین دین کا تنازع نکلا۔ملزمان نے اعتراف کیا کہ بقایا جات کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث انہوں نے مل کر چوری کی منصوبہ بندی کی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق انچارج چوکی ہلوکی قاسم علی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان چاند، بابر اور شان کو گرفتار کیا۔پولیس نے کارروائی کے دوران تمام چوری شدہ سامان برآمد کر لیا ہے اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
اس حوالے سے ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ عوام الناس کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔