ویب ڈیسک: پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں لیسکو آفس کے باہر پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں سکیورٹی گارڈ کی جانب سے ایک بزرگ خاتون پر تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے جس پر ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق بزرگ خاتون پر تشدد کرنے والے سکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈی پی او بلال ظفر شیخ نے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں، خاص طور پر بزرگوں کے ساتھ بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شیخوپورہ میں لاہور روڈ پر واقع مین لیسکو آفس میں آئی بزرگ خاتون سے سیکیورٹی گارڈز نے ناروا سلوک روا رکھتے ہوئے گھسیٹ کر گیٹ سے باہر پھینک دیا۔
خاتون بجلی کا بل درست کروانے آئی تھی، جس نے سیکیورٹی گارڈ کی منت سماجت بھی کی مگر اس نے ایک نہ سنی اور پہلے معمر خاتون سے اس کی چھڑی چھین کر باہر پھینکی اور پھر زمین پر گری خاتون کو بھی گھسیٹ کرگیٹ سے باہر پھینک دیا، جس سے وہ زخمی ہوگئی۔