(اسرار خان)ڈیفنس موڑ کے قریب ٹریفک وارڈن کو گاڑی کی ٹکر مار کر زخمی کرنے والا ملزم قانون کی گرفت میں آ گیا ۔
پولیس کے مطابق ملزم علی جان ڈیفنس مین بلیوارڈ پر تیز رفتاری کا مظاہرہ کر رہا تھا کہ اسی دوران تصور نامی ٹریفک وارڈن نے اسے رکنے کا اشارہ کیا،ملزم نے گاڑی روکنے کے بجائے ٹریفک وارڈن پر چڑھا دی، جس سے وہ زخمی ہو گیا، چیف ٹریفک آفیسر سید منتظر مہدی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا، جس پر ملزم کو چند گھنٹوں میں گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ۔
واضح رہے کہ ٹریفک وارڈنز سے بد تمیزی کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے قبل بھی لاہور میں ایسے سانحے ہوچکے ہیں جہاں ان کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا،یونیفارم پھاڑدی جاتی، اپنی جان ہتھیلی پر رکھے یہ اہلکار عوام کے تحفظ اور جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنانے میں مشغل ہیں۔
حادثات سے بچاؤ کے لئے آگاہی مہم چلائیں، مگر افسوس کے معاشرے کے بااثر اور امیرزادوں کی بگڑی ہوئی اولادیں قوانین کو روند رہی ہیں جس کے معاشرے پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں، ایسے عناصر کے خلاف کارروائی یا حراست میں لیا جائے تو اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹی سے ہاتھ دھوناپڑتا ہے۔