(علی رامے) پنجاب حکومت نے نئے مالی سال کا آغاز ہوتے ہی پہلے سے جاری منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے 100 فیصد ترقیاتی فنڈز جاری کردیئے، لاہور کو 86 ارب روپے میں سے ابتدائی طور پر 15 جبکہ پنجاب بھر کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 125 ارب روپے کا بجٹ جاری کردیا گیا۔
پنجاب حکومت نے نئے مالی سال میں 560 ارب روپے کا فنڈ ترقیاتی بجٹ کیلئے مختص کیا ہے جس میں لاہور کے انفراسٹرکچر اور عوامی منصوبوں کیلئے 86 ارب روپے کے فنڈز مختص ہیں، پنجاب حکومت نے بڑے بجٹ کو بروقت استعمال کرنے کیلئے نئے مالی سال کا آغاز ہوتے ہی 140 ارب روپے کا فنڈ صوبائی اداروں اور ضلعوں کو جاری کردیا، جس میں لاہور کے چھوٹے بڑے 300 سے زائد منصوبوں کو 15 ارب روپے سے زائد کے فنڈ مل گئے ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں پہلے سے جاری صاف پانی، سڑکوں کی تعمیر، صحت، واٹر سپلائی کے منصوبوں کو آن لائن فنڈ جاری کردئیے گئے ہیں، پولیس تھانوں کی تعمیر، ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق پبلک بلڈنگ سمیت عوامی فلاح کے منصوبوں کیلئے فنڈ کا اجرا کیا گیا ہے، فنڈز زیادہ تر ان منصوبوں کیلئے جاری کیا گیا ہے جن پر پہلے سے کام جاری ہے، فنڈ کے اجرا سے ٹھیکداروں کو پچھلے سال کی ادائیگیاں بھی ہوسکیں گی۔