(ملک اشرف): لاہور ہائیکورٹ میں آئندہ ہفتے مقدمات کی سماعت کے لئے 22 واں ترمیمی ججز روسٹر جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ کی منظوری کے بعد ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل سید شبیر حسین شاہ نے 22 واں ترمیمی ججز روسٹر جاری کر دیا۔ جس کے مطابق 4 دسمبر سے ڈویژن بنچ نمبر ایک میں چیف جسٹس سید منصورعلی شاہ اور جسٹس شاہد کریم چار دسمبر سے تمام نوعیت کے کیسز کی سماعت کریں گے۔ ڈویژن بنچ نمبر دو جسٹس محمد فرخ عرفان خان اور جسٹس عاطر محمود پر مشتمل ہوگا۔
روسٹر کے مطابق ڈویژن بنچ نمبر تین جسٹس عبدالسمیع خان اور جسٹس سید شہباز علی رضوی شامل ہیں، ڈویژن بنچ نمبر چار میں جسٹس عباد الرحمان لودھی اور جسٹس علی اکبر قریشی گیارہ دسمبر سے کیسز کی سماعت کریں گے، ڈویژن بنچ نمبر پانچ میں شامل جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس جواد حسن ٹیکس سمیت دیگر نوعیت کی انٹرا کورٹ اپیلوں کی سماعت کرے گا، ڈویژن بنچ نمبر چھ میں جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس عابد عزیز شیخ شامل ہوں گے۔
اسی طرح بنچ نمبر سات میں شامل جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی منشیات کیسز کی سماعت کریں گے۔ بنچ نمبر آٹھ میں شامل جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس شہرام سرور چوہدری انسداد دہشت گردی کیسز کی اپیلوں پر سماعت کریں گے۔ بنچ نمبر نو میں جسٹس شاہد جمیل خان اور جسٹس ساجد محمود سیٹھی شامل ہیں، بنچ نمبر دس میں جسٹس قاضی محمد امین احمد اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز شامل ہیں ۔یہ بنچ قتل کی اپیلوں پر سماعت جاری رکھے گا۔
روسٹر کے مطابق ڈویژن بنچ نمبر گیارہ میں شامل جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس سردار احمد نعیم نیب کیسز کی سماعت کریں گے۔ چار دسمبر سے جسٹس شجاعت علی خان پرنسپل سیٹ پر مقدمات کی سماعت کریں گے جبلکہ جسٹس چوہدری محمد اقبال چار دسمبر سے ہائیکورٹ بہاولپور بنچ میں کیسز سنیں گے۔
آئندہ ہفتے سے ہائیکورٹ بہاولپور بنچ میں دو ڈویژن چار سنگل، ملتان بنچ میں چار ڈویژن اور دس سنگل بنچز جبکہ ہائیکورٹ روالپنڈی بنچ میں دو ڈویژن اور چار سنگل بنچ مقدمات کی سماعت کریں گے۔