سٹی 42 : وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرِ ستان میں پاک افغان سرحدی علاقے میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، مجھ سمیت پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ کے غیر متزلزل عزم میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
واضح رہے کہ سکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان میں پاکستان-افغان سرحد کے ساتھ خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو ناکام بنا دیا۔ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 8خوارج جہنم واصل کردیے، ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔