ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مریم نواز کا آٹزم بچوں کی تعلیم و بحالی کیلئے بڑے اقدامات کا اعلان

مریم نواز کا آٹزم بچوں کی تعلیم و بحالی کیلئے بڑے اقدامات کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

رائو دلشاد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹزم کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی بچوں کی تعلیم، تربیت اور بحالی کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آٹزم میں مبتلا افراد کو معاشرے میں برابر کے حقوق اور مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

 انہوں نے آگاہی بڑھانے کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات تیز کرنے پر زور دیا جبکہ پاکستان کے پہلے سرکاری آٹزم سنٹر کے قیام کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے معاون خصوصی ثانیہ عاشق اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور میں قائم سکول آف آٹزم ایک منفرد ادارہ ہے جہاں ابتدائی مرحلے میں آٹزم کی تشخیص کی سہولت بھی دستیاب ہے، جبکہ صوبے کے 27 ڈویژنل پبلک سکولوں میں بھی آٹزم سنٹرز قائم کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز سکول اینڈ ریسورس سینٹر فار آٹزم ایک تعلیمی ادارے سے بڑھ کر ایک جامع فلاحی مرکز ہوگا جو خصوصی بچوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت آٹسٹک بچوں کے علاج اور تربیتی سرگرمیوں کو ضلع کی سطح تک پھیلانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ سپیشل طلبہ کیلئے ہمت کارڈ، ٹرانسپورٹ کی فراہمی اور سپیشل ایجوکیشن مراکز کی اپ گریڈیشن بھی جاری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب بھر میں 28 اداروں کو سنٹر آف ایکسی لینس میں تبدیل کیا جا رہا ہے اور خصوصی بچوں کیلئے 70 بسیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ خصوصی بچے معاشرے کا قیمتی حصہ ہیں اور انہیں نظر انداز کرنے کے بجائے مکمل تعاون فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پہلی مرتبہ سپیشل ایجوکیشن کو حکومتی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے اور آئندہ بھی اس شعبے میں مزید بہتری لانے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔