ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب حکومت کے سیلاب سے متعلق اقدامات پر مریم اورنگزیب کا بیان 

پنجاب حکومت کے سیلاب سے متعلق اقدامات پر مریم اورنگزیب کا بیان 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 سٹی 42:سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اور تمام ادارے الرٹ ہو کر فیلڈ آپریشنز میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی نگرانی میں کیے جا رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب  کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 11 اضلاع کو سیلاب سے خطرات ہیں، تاہم متاثرہ علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چناب، جہلم اور راوی میں بیک وقت سپرفلڈ پنجاب کی تاریخ کا ایک نیا واقعہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے باعث صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 35 ہو گئی ہے جبکہ 23 لاکھ 34 ہزار 675 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اب تک 8 لاکھ 57 ہزار 824 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

سینئر وزیر نے مزید کہا کہ 2 ہزار 222 موضع جات متاثر ہوئے ہیں، 383 ریلیف کیمپ اور 375 میڈیکل کیمپس متاثرین کی مدد کے لیے کام کر رہے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ڈرون اور تھرمل ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی جاری ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اب تک 5 لاکھ 51 ہزار 769 مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں جبکہ مویشیوں کے علاج کے لیے 329 میڈیکل مراکز قائم کر دیے گئے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں، کیونکہ تمام ادارے عوام کی خدمت کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔