سٹی42: پنجاب میں آبی پرندوں کے شکار کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے۔ یہ اجازت یکم اکتوبر 2025 سے 31 مارچ 2026 تک کے لیے ہو گی۔ شکار صرف ہفتہ اور اتوار کے دن مستند شوٹنگ پرمٹ کے ساتھ کیا جا سکے گا جبکہ شکاری کے لیے مستند اسلحہ لائسنس رکھنا بھی ضروری ہوگا۔
سیکرٹری جنگلی حیات مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر اس حوالے سے صدر اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق پنجاب بھر کے پروٹیکٹڈ ایریاز میں ہر قسم کا شکار مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ شکار کی اجازت صرف وائلڈ لائف ایکٹ کے جدول اول کے مطابق مقررہ تعداد میں پرندوں تک محدود ہوگی۔ مقررہ حد سے تجاوز کرنا جرم تصور کیا جائے گا۔
گاڑی میں بیٹھ کر شکار کرنا ممنوع ہوگا جبکہ شکاریوں کو دوران شکار فصلوں اور املاک کو نقصان نہ پہنچانے کی بھی سخت ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف کے افسر مبین الٰہی کے مطابق صوبہ بھر میں وائلڈ لائف رینجرز مرغابی کے قانونی شکار کی مانیٹرنگ کریں گے۔ محکمہ کے زیر انتظام تمام ہاٹ سپاٹس کی کڑی نگرانی بھی کی جائے گی تاکہ قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔