ملک اشرف : سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں دو ہفتے باقی رہ گئے ہیں ، سولہ اکتوبر کو ہونیوالے الیکشن کے حوالے سے امیدواروں کی انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آ چکی ہے۔ کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال اور اعتراضات پر سماعت مکمل کر لی گئی۔
امیدواروں کی عارضی فہرست بھی جاری کی جاچکی ہے۔ تین اکتوبر تک ان اپیلوں پر فیصلے سنائے جائیں گے۔ امیدوار 4 اکتوبر دوپہر 2 بجے تک اپنی نامزدگی واپس لے سکیں گے، جبکہ اسی روز سہ پہر ساڑھے تین بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔انتخابات میں ملک بھر سے کل 4 ہزار379 وکلاء ووٹ کاسٹ کرنے کے اہل قرار دیئے گئے ہیں۔ ان میں لاہور سے 1460، ملتان سے 315، بہاولپور سے 145، راولپنڈی سے 805، خیبرپختونخوا سے 593، سندھ سے 741 اور بلوچستان سے 322 وکلاء شامل ہیں۔پولنگ 16 اکتوبر کو صبح ساڑھے آٹھ بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔