علی ساہی : ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ 7 لاکھ 9 ہزار سے زائد شہریوں نے لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کیا، جن میں 2 لاکھ 38 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس جبکہ 2 لاکھ 23 ہزار سے زائد نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔
ستمبر میں 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کرائی، جبکہ 6 ہزار 904 شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے گئے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف 90 روزہ خصوصی مہم جاری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ گاڑی یا موٹر سائیکل بغیر ڈرائیونگ لائسنس چلانا جرم ہے اور اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔