فرحان یامین :لاہور کے دھرم پورہ بازار میں تجاوزات کے خلاف پیرا فورس کی کارروائی کے دوران دکانداروں کی مزاحمت کے باعث 4 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پیرا فورس کے مطابق یہ کارروائی شہری حدود میں تجاوزات کے خاتمے کی پالیسی کے تحت کی گئی۔
دورانِ کارروائی کئی دکانداروں نے مزاحمت کی اور اہلکاروں سے جھڑپیں ہوئیں جس کے بعد مزاحمت کرنے والے دکانداروں کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ہونے والوں میں سیاسی و مذہبی جماعت کے کارکن بھی شامل ہیں، مذہبی جماعت کے کارکنوں نے دھرم پورہ سے کینال روڈ تک سڑک بلاک کر دی، جس کے باعث نہر تک سڑک بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک دکانداروں کو رہائی نہیں ملتی، احتجاج جاری رہے گا۔