سٹی42: گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ پاکستان بھر میں سکھ کمیونٹی کے ارکان اپنے گھروں پر سکھ پنتھ کے سب سے بڑے تہوار کو منانے کی تیاریاں مکمل کر رہے ہیں اور مشرقی پنجاب سے گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب اور گورودوارہ پنجہ صاحب میں گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی مذہبی تقریبات میں شرکت کے لئے آنے والے دو ہزار سے زیادہ یاتری بھی سامان باندھ کر پاکستان آنے کے لئے تیار بیٹھے ہیں۔ سینکڑوں یاتر کینیڈا، امریکہ اور یورپ سے بھی ان تقریبات میں شریک ہونے کے لئے پاکستان آ رہے ہیں۔
گورونانک دیو جی کے جنم دن کی پہلی تقریب 5 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں شروع ہو گی۔
پنجاب کے متروکہ وقف املاک بورڈ ک نے دنیا بھر سے آنے والے اور پاکستان بھر سے جمع ہونے والے یاتریوں کی سیوا کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے لی ہے۔ تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور خاص طور سے ننکانہ صاحب شہر میں مثالی صفائی ستھرائی کروائی جا رہی ہے جہاں سے گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کا آغاز ہو گا۔
گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں تقریبات کے لئے خصوصی انتظامات تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ ان انتظامات کی نگرانی گورودوارہ صاحب کی انتظامی کمیٹی خود کر رہی ہے۔ جنم دن کی تقریب مین آنے والے ہزاروں یاتریوں کو ٹھہرانے اور ان کے لنگر پانی کے خاص انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ ان انتظامات کے لئے مقامی شہری اور ضلعی انتظامیہ تمام ضروری تعاون فراہم کر رہی ہے۔ْ