سٹی 42 : شہرِ قائد میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران ایس آر اے کے 2 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔
ایس ایس پی سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر ڈاکس مچھر کالونی کےعلاقے میں کی گئی، جہاں سے ایس آر اے کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کی شناخت سرمد علی رضا اور غنی اللہ عرف غنی امان چانڈیو کے نام سے ہوئی، جن کے قبضے سے دو ہینڈ گرنیڈ اور بارودی مواد برآمد ہوا۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد ایس آر اے کے انتہائی مطلوب گروہ سے تعلق رکھتے ہیں، گرفتار دہشت گرد طلبہ کو ایس آر اے میں بھرتی اور دہشت گردی کی ترغیب دیتے تھے ۔ اِن کے خلاف مختلف تھانوں میں دہشت گردی، بارودی مواد اور حملوں کے مقدمات درج ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔گرفتار دہشت گردوں کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ شعبہ کے حوالے کر دیا گیا، دونوں سے مزید انکشافات متوقع ہیں۔