ویب ڈیسک : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے کل جمعہ، 31 اکتوبر کو اعلان کیا کہ نومبر 2025 کے لیے پیٹرول کی نئی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔ اکتوبر کے مقابلے میں نومبر میں فی لیٹر پیٹرول کی قیمتوں میں اوسطاً 10 سے 11 روپے تک کمی کی گئی ہے، جو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا نتیجہ ہے۔
اعلان کے مطابق سپر پیٹرول کی قیمت اکتوبر میں 2.77 درہم (تقریباً 212 روپے) فی لیٹر تھی جو نومبر میں کم ہو کر 2.63 درہم (تقریباً 201 روپے) فی لیٹر کردی گئی، یعنی 11 روپے کی کمی ہوئی۔
اسپیشل پیٹرول کی قیمت 2.66 درہم (تقریباً 203 روپے) فی لیٹر سے کم ہو کر 2.51 درہم (تقریباً 192 روپے) فی لیٹر کردی گئی۔
ای پلس پیٹرول کی قیمت اکتوبر میں 2.58 درہم (197 روپے) فی لیٹر تھی، جو نومبر میں کم ہو کر 2.44 درہم (تقریباً 187 روپے) فی لیٹر کر دی گئی۔
یہ نئی قیمتیں یکم نومبر 2025 سے نافذالعمل ہوں گی۔ اماراتی وزارت توانائی کے تحت فیول پرائس مانیٹرنگ کمیٹی ہر ماہ عالمی منڈی میں تیل کی اوسط قیمتوں اور تقسیم کار کمپنیوں کے آپریشنل اخراجات کی بنیاد پر نرخوں کا تعین کرتی ہے۔
واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 43 پیسے اور ڈیزل میں 3 روپے 2 پیسے اضافہ کیا ہے۔ اس اضافے کے بعد پاکستان میں پیٹرول کی نئی قیمت 265.45 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 278.44 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔