عرفان ملک: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے خاتون کو سوشل میڈیا پر ہراساں کرنے کے کیس میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق متاثرہ خاتون نے این سی سی آئی اے میں درخواست دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اس کی بیٹی کی نجی تصاویر جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے وائرل کی گئیں اور ان کے ساتھ غیر اخلاقی مواد بھی منسلک کیا گیا۔
درخواست گزار کے مطابق ملزم کی جانب سے واٹس ایپ کے ذریعے دھمکیاں بھی دی جا رہی تھیں۔ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے کے مطابق خاتون کی درخواست پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
تفتیش کے دوران ملزم کے موبائل فون سے متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے مبینہ روابط سامنے آئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ دیگر ممکنہ ملزمان کے کردار کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔