سٹی 42 : وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ چو ٹے یول کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے بھارت کی یکطرفہ اقدامات پر جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا، بتایا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے جیسے اقدامات خطے میں کشیدگی بڑھا رہے ہیں ۔ وزیر خارجہ جنوبی کوریا نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ چو ٹے یول نے کہا کہ علاقائی امن و سلامتی کے لیے تمام امور بات چیت سے حل ہونے چاہئیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل ارکان کی حیثیت سے باہمی تعاون پر اتفاق کیا۔ جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں امن مشن کانفرنس کی کامیاب میزبانی کو سراہا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک نے اعلیٰ سطحی روابط کے ذریعے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ۔