ویب ڈیسک: بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والی سکھ گلوکارہ زارا گل کے پاکستان سے محبت پر مبنی گانے نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ۔ گانے کے بول "اسیں مردہ باد نئیں کہہ سکدے، بُھل کے وی پاکستان نوں" پاکستان سے محبت کے جذبات کو بابا گورو نانک کے فلسفے سے جوڑتے ہیں جس نے ناظرین کو خاصا متاثر کیا ہے۔
گانے میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ جس سرزمین (پاکستان) پر بابا گورو نانک نے اپنی زندگی گزاری اسے کسی صورت ناپسند نہیں کیا جا سکتا۔ اس جذباتی اظہار نے پاکستان اور سکھ روایات کے درمیان گہرے رشتے کو اجاگر کیا ہے۔
تاہم، مودی سرکار نے گانے پر مشرقی پنجاب میں پابندی عائد کر دی ہے، جسے تجزیہ کار پاک بھارت کشیدگی اور حالیہ پہلگام فالس فلیگ کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔ اس کے باوجود، گانا یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور لوگوں کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔
زارا گل کا یہ گانا محبت، رواداری اور مشترکہ ورثے کی نمائندگی بن کر ابھرا ہے، جو موجودہ سیاسی حالات میں ایک مثبت پیغام کی حیثیت رکھتا ہے۔