سٹی 42 : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے امت مسلمہ کو رمضان المبارک کی مبارکباد دی گئی ہے۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ تمام مسلمانوں کو ماہ رمضان کی آمد پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، رمضان کا مقدس مہینہ ہمیں تقوی، صبر اور برداشت سکھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیں، رمضان میں صبر، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیں، غریبوں اور مستحقین کی مدد کریں اور عبادات کے ساتھ قومی یکجہتی، اتحاد اور بھائی چارے کو بھی فروغ دیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان میں غریبوں اور محتاجوں کی مدد کرنا ایک بہت بڑی عبادت ہے، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کریں تاکہ رمضان کی برکتیں سمیٹی جا سکیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ روزہ انسانیت کی خدمت اور اللہ تعالٰی کی قربت حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، دکھی انسانیت کی خدمت کرکے ہی اللہ تعالٰی کی خوشنودی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ رمضان المبارک ہم سب کے لیے رحمت کا باعث بنے۔