ویب ڈیسک: چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر بھارت سے پاکستان آنے والے معروف اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا پاکستان کی سڑکوں پر ویرات کوہلی اور روہت شرما کے حق میں نعرے سُن کر حیران رہ گئے۔
بھارت سے تعلق رکھنے والے مشہور اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا ان دنوں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سلسلے میں پاکستان کے دورے پر ہیں،وکرانت گپتا جہاں لاہور اور کراچی میں منعقد ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے میچز کو کور کر رہے ہیں وہیں وہ شہر کے چوک، چوراہوں اور شاہراہوں پر بھی دکھائی دیتے ہیں اور اپنے تجربات کو ویڈیوز کی صورت میں بھی شیئر کرتے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے پروگرام میں ورچوئل شرکت کی اور پاکستان میں اپنے تجربے سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔
وکرانت گپتا نے کہا کہ 'یہ تجربہ انتہائی شاندار رہا، میں پہلے بھی پاکستان آچکا ہوں، میں 2004 میں بھی آیا تھا، 2005 میں بھی، 2006 میں بھی آیا تھا، لیکن لاہور آج تک بدلا نہیں، اس شہر کا ماحول آج 19 سال بعد بھی ویسے کا ویسا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'مزے کی بات جو میں یہاں سے لیکر جارہا ہوں کہ جو باتیں میں صرف سنتا اور پڑھتا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان میں بہت فینز ہیں، ویرات کوہلی کے فینز ہیں، یہ میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا، میں نے پاکستان کی سڑکوں پر 'ویرات، ویرات' اور 'کوہلی، کوہلی' کے نعرے لگتے دیکھے ہیں'۔
اُن کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما کو پاکستانی ایک حقیقی چیمپئن مانتے ہیں، میری خواہش ہے کہ بھارت ٹیم بھی پاکستان آئے، بھارتی کھلاڑیوں نے (پاکستان نہ آکر) بہت کچھ مس کردیا ہے۔
انہوں نے کہا مجھے دیکھ کر افسوس ہوا کہ پاکستانی کرکٹ فینز جہاں بھارتی کرکٹ ٹیم کے حق میں نعرے لگا رہے تھے وہیں وہ اپنی پاکستانی ٹیم سے انتہائی مایوس اور نااُمید نظر آرہے تھے۔