افشاں رضوان: اوپن مارکیٹ میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ متعدد اشیائے خورونوش سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔
مارکیٹ سروے کے مطابق دیسی لیموں کی سرکاری قیمت 267 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم یہ اوپن مارکیٹ میں 600 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ آلو کی سرکاری قیمت 20 روپے فی کلو ہونے کے باوجود 30 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ پیاز 80 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 120 روپے فی کلو دستیاب ہے۔
ٹماٹر کی سرکاری قیمت 32 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 50 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح چائنیز لہسن 355 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 450 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ ادرک 275 روپے کے بجائے 400 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
سبزیوں میں بھنڈی 50 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 80 روپے فی کلو، کریلا 66 روپے کے بجائے 90 روپے فی کلو اور ٹینڈے 105 روپے کے بجائے 120 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں۔
پھلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ کچا آم 40 روپے کے بجائے 90 روپے فی کلو، سندھڑی آم اول 270 روپے کے بجائے 350 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ تربوز 40 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 60 روپے فی کلو جبکہ آڑو 190 روپے کے بجائے 250 روپے فی کلو دستیاب ہے۔
اسی طرح سیب کی سرکاری قیمت 355 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہ 400 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ کیلے کی سرکاری قیمت 150 روپے فی درجن ہونے کے باوجود صارفین کو 200 روپے فی درجن ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔
شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔