ویب ڈیسک: سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 52 سمبڑیال میں آج ضمنی انتخاب کا میلہ سج گیا ہے، جہاں مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار میدان میں اتر چکے ہیں۔ پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
مسلم لیگ (ن) کی حنا ارشد وڑائچ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فاخر گھمن کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ پیپلز پارٹی کے راحیل کامران چیمہ اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے چودھری شفاقت بھی مقابلے کی دوڑ میں شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں 2 لاکھ 96 ہزار 563 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ حلقے میں 185 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 11 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔
پولنگ کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ پرامن ماحول میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہو۔
یاد رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری ارشد وڑائچ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی جس پر اب نئے نمائندے کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔