اسلام آباد: نجکاری کمیشن نے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ( فیسکو) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی ( گیپکو) کی نجکاری کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخوں میں توسیع کر دی ہے۔
نجکاری کمیشن کے مطابق فیسکو کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی نئی آخری تاریخ 7 اگست 2026ء مقرر کی گئی ہے، جبکہ گیپکو کے لیے درخواستیں اب 21 اگست 2026ء تک جمع کرائی جا سکیں گی۔اس سے قبل فیسکو کے لیے آخری تاریخ 7 جولائی اور گیپکو کے لیے 6 اگست 2026ء مقرر تھی۔
اعلامیے کے مطابق فیسکو اور گیپکو دونوں حکومت کے ڈسکوز بیچ ون نجکاری پروگرام کا حصہ ہیں۔ نجکاری کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، اور یہ 7 ستمبر 2026ء ہی رہے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تاریخوں میں توسیع ممکنہ سرمایہ کاروں کی درخواست پر کی گئی تاکہ انہیں اندرونی جانچ مکمل کرنے اور جامع گذارشات تیار کرنے کے لیے اضافی وقت مل سکے۔ نجکاری کمیشن کے مطابق معاشی اصلاحات کے تحت ڈسکوز کے 51 فیصد سے 100 فیصد تک شیئرز، مینجمنٹ کنٹرول سمیت، فروخت کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ نجکاری کا مقصد بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی آپریشنل کارکردگی بہتر بنانا، مالی نقصانات میں کمی لانا اور پاور سیکٹر کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا نجکاری کمیشن شفاف، مسابقتی اور سرمایہ کار دوست نجکاری عمل کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔