کلیم اختر: پاکستان نے پائیدار سرمایہ کاری کے شعبے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ( ایس ای سی پی) کی جانب سے ملک کا پہلا ای ایس جی میوچل فنڈز فریم ورک جاری کر دیا ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق نئے فریم ورک کے تحت ایسٹ مینجمنٹ کمپنیاں ای ایس جی میوچل فنڈز متعارف کرا سکیں گی، جو ماحول دوست، سماجی ذمہ داری اور بہتر کارپوریٹ گورننس پر عمل کرنے والی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔
فریم ورک کے مطابق ایکویٹی ای ایس جی فنڈز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سسٹین ایبلٹی انڈیکس میں شامل کمپنیوں میں سرمایہ کاری کریں گے، جبکہ ڈیٹ ای ایس جی فنڈز گرین، سوشل اور سسٹین ایبلٹی لنکڈ قرضہ جاتی آلات میں سرمایہ کاری کے مجاز ہوں گے۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ نئے ضوابط کے تحت ای ایس جی فنڈز کے کم از کم 50 فیصد اثاثے ای ایس جی سرمایہ کاری میں رکھنا لازمی ہوگا۔ اس اقدام سے پاکستانی کمپنیوں کو بہتر ای ایس جی معیارات اپنانے کی ترغیب ملے گی، گرین واشنگ کی حوصلہ شکنی ہوگی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔