سٹی 42: ضلع کوہاٹ میں نشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارکباد دی ہے اور تیل اور گیس کی سپلائی چین کو امپورٹ سے صارفین کے استعمال تک مکمل ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت کردی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ تیل اور گیس کی سپلائی چین کو ڈیجیٹائز کرنےسے سمگلنگ اور چوری کی روک تھام ممکن ہوگی، ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت ہماری ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے، اس سے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر خرچ ہونے والا زرمبادلہ بچے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ناشپا بلاک میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر کی نئی دریافت پر قوم کو مبارکباد دی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ او جی ڈی سی ایل نے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل وگیس کے بڑے ذخائر دریافت کرلیے ہیں، ان ذخائر سے یومیہ 4100 بیرل تیل نکالا جا سکے گا، جون 2026 تک آر ایل این جی کے ساڑھے3 لاکھ کنکشنز کا ٹارگٹ مکمل کر لیا جائے گا۔
اس سے پہلے آج او جی ڈی سی ایل نے خیبر پختونخوا سے تیل اور گیس کی بڑی دریافت کا اعلان کر دیا، کوہاٹ میں واقع نشپا بلاک سے ہونے والی دریافت سے یومیہ ایک کروڑ 5 لاکھ مکعب فٹ گیس اور 4 ہزار ایک سو بیرل خام تیل حاصل ہوگا۔ او جی ڈی سی نے تیل و گیس کی دریافت کو قوم کیلئے نئے سال کا بڑا تحفہ قرار دیا ہے۔
براگزئی ایکس کنواں کو 5,170 میٹر گہرائی تک کھودا گیا، نشپا بلاک میں او جی ڈی سی بطور آپریٹر 65 فیصد جبکہ پی پی ایل 30 فیصد اور جی ایچ پی ایل 5 فیصد کے حصے دار ہیں۔ ترجمان کے مطابق نشپا میں ڈٹہ فارمیشن میں ہائیڈروکاربن سے بھرپور 187 میٹر زون کی کامیاب نشاندہی ہوئی۔