ویب ڈیسک : پاکستان اور بھارت کے مابین سال نو پر قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ پاکستان میں 628 بھارتی قیدی اور بھارت میں 355 پاکستانی قیدی موجود ہیں۔ 2008 کو طے پانے والے معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کو سال میں دو بار ایسی فہرستوں کا تبادلہ کرنا ہوتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اور بھارت نے جوہری تنصیبات و سہولیات اورقیدیوں کی فہرست کا سالانہ تبادلہ کیا۔پاکستان میں جوہری تنصیبات اورقیدیوں کی فہرست باضابطہ طور پر بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کی گئی۔نئی دہلی میں بھارتی وزارت خارجہ نے بھارتی جوہری تنصیبات کی فہرست پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک معاہدے کے مطابق ہرسال یکم جنوری کو ایک دوسرے جوہری تنصیبات اورسہولیات سے آگاہ کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان نے 628 ہندوستانی قیدیوں کی فہرست بھی بھارتی ہائی کمیشن حکام کے حوالے کی۔ پاکستان میں موجود بھارتی قیدیوں میں51 شہری اور577 ماہی گیر شامل ہیں جبکہ بھارت کی جانب سے حوالے کی گئی فہرست کے مطابق 282پاکستانی شہریوں اور73ماہی گیروں سمیت 355 پاکستانی بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ قیدیوں کی تفصیلات کا تبادلہ 21 مئی 2008 کوپاکستان اوربھارت کے درمیان قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت کیا گیا۔