(قذافی بٹ)آؤٹ آف سکولز چلڈرنز کے لئے اچھی خبر ،حکومت کی آؤٹ آف سکول چلڈرنز کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے اہم پیشرفت،،پنجاب حکومت نے پرائمری سکولوں میں سو فیصد انرولمنٹ کیلئے انصاف سکولز پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نےمختلف اضلاع میں انصاف پرائمری سکولزشروع کرنےکی باقاعدہ منظوری دیدی ہے۔ انصاف پرائمری سکولز کا آغاز نئے تعلیمی سال سےکیاجائےگا ۔ پہلےمرحلےمیں انصاف پرائمری سکول دیہاتوں اورپسماندہ علاقوں میں قائم کئے جائیں گے۔انصاف پرائمری سکولوں میں مقامی علاقے سے اساتذہ کا انتخاب کیا جائے گا۔
مذکورہ اساتذہ کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر رکھا جائے گاجبکہ گھر کے نزدیک سرکاری سکولوں کی فراہمی اور متعلقہ سکولوں میں بچوں کی تعداد میں اضافہ کا ٹاسک پورا کیا جائے گا۔دیہاتی اور پسماندہ علاقوں کے سکولوں میں اساتذہ کی بھرتی کے لئےنئی پالیسی بھی متعارف کروائی جائے گی۔
واضح رہے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں دس لاکھ بچے داخل کرنے کا ہدف مقرر کرلیا، داخلوں کا ہدف گرمیوں کی چھٹیوں سے قبل پورا کیا جائے گا، صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے کافی بچے سکول چھوڑ گئے، داخلہ مہم سارا سال جاری رکھیں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے صوبہ بھر میں نئے تعلیمی سال سے پہلے ہی سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ ماہ سکول بند رہنے سے بہت سارے بچے سکول چھوڑ گئے۔ اگلے پانچ ماہ میں سکولوں میں دس لاکھ بچے داخل کریں گے۔ اس حوالے سے تمام اضلاع کو الگ سے اہداف دے دیئے گئے ہیں۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ بچوں کو سکول داخل کرنے کی ذمے داری ڈسڑکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے افسروں اور سکول کونسلز کی ہوگی، اب کی بار داخلوں کے اہداف پورے نہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی بھی ہوگی۔ ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ والدین بچوں کو سکول بھجوانے کے ساتھ انھیں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد بھی کروائیں اور ماسک کے بغیر بچوں کو سکولوں مت بھیجیں۔